سی پی این ای۔حکومت میں متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق
کراچی(پ ر)کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک کی زیر صدارت اراکین کا اجلاس ہوا، جس میں کونسل کے مذاکراتی وفد نے صوبائی سیکریٹری اطلاعات عمران عطا سومرو سے مذاکرات کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔مذاکرات میں متعلقہ اشتہاراتی ایجنسیوں سے اخبارات کو تمام بقایاجات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق ہوا ہے ، جس کے تحت متعلقہ اشتہاری ایجنسیوں کے ضمن میں سی پی این ای اپنے اراکین کے اخبارات کے تمام واجب الادا بقایاجات کی تفصیل فوری طور پر ارسال کرے گی تاکہ واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔ عمران عطا سومرو نے وفد کو بتایا کہ مشیر اطلاعات اور صوبائی محکمہ اطلاعات سپریم کورٹ سے کئے گئے وعدے کے مطابق سندھ کے تمام واجبات کی ادائیگی کے پابند ہیں تاکہ اخبارات کو درپیش مالی بحران کے نتیجے میں صحافیوں اور دیگر اخباری کارکنوں کی تنخواہوں کی بھی فوری طور پر ادائیگی ممکن ہو سکے۔اجلاس نے سی پی این ای کے مظاہرے اور محکمہ اطلاعات سے مذاکرات اور فیصلوں کا خیر مقدم کیا۔کونسل نے مظاہرے کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ہے۔