بلڈنگ اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کیخلاف الائنس آف پرائیویٹ اسکولز کا احتجاج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایس بی سی اے کی جانب سے نجی اسکولوں کو رہائشی علاقوں سے منتقلی اور پھر ریگولرائزڈ کرانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے خلاف الائنس آف پرائیویٹ اسکولز سندھ کے تحت پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔شرکا نے نوٹیفکیشن فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہا کہ نوٹیفکیشن واپس نہ لیا گیا تو لاکھوں طلبہ ، اسکولز مالکان اور اساتذہ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔مظاہرے سے امیر جماست اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، جسٹس(ر) وجیہ الدین احمد، الائنس کے چیئرمین فیض احمد فیض ، جنرل سیکریٹری انتخاب عالم سوری، وائس چیئرمین علیم قریشی، انتصاراحمد، محمد حیف جدون ، ڈاکٹر خالد محمود و دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت قوم کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے سے گریز کرے۔ نجی تعلیمی ادار ے فروغ تعلیم کیلئے کوشاں ہیں۔تعلیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ جسٹس (ر) وجیہ الدین نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مصروف ہیں۔انہیں سہو لتیں دینے کے بجائے مشکلات کا شکار کر نا درست عمل نہیں۔ حکومت ان کے مسائل سنے اور حل کرے۔فیض احمد فیض نے کہا کہ کراچی کے نجی تعلیمی اداروں میں 44 لاکھ بچے زیر تعلیم اور لاکھوں اساتذہ برسر روزگار ہیں۔انتخاب سوری نے کہا کہ نجی تعلیم اداروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔