کالج طالبات نے ویڈیو بنانیوالے پولیس اہلکار کو دھو ڈالا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سخی حسن چورنگی پر کالج سے واپس جانے والی طالبہ کی موبائل فون سے ویڈیو بنانیوالے آن ڈیوٹی پولیس اہلکار کو لڑکیوں نے دھو ڈالا، واقعے کی اطلاع پر لڑکیوں کے والدین، پولیس حکام، رینجرز اور شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جبکہ ویڈیو بنانے والا اہلکار موبائل میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع سرکاری گرلز کالج سے طالبات ایڈمٹ کارڈ لے کر وآپس گھر جارہی تھیں کہ سخی حسن چورنگی کے قریب کھڑی موبائل میں سوار پولیس اہلکار نے اپنے موبائل فون سے ایک طالبہ کی ویڈیو بنانا شروع کردی، جس پر طالبہ اور اس کیساتھ موجود دیگر طالبات مشتعل ہوگئیں اور اہلکار کو پکڑ کر اس کی پٹائی شروع کردی، واقعے کو دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہو گئی جس پر مذکورہ اہلکار اپنے ساتھی اہلکاروں کے ہمراہ موبائل میں بیٹھ کر وہاں سے فرار ہو گیا، جبکہ واقعے کی اطلاع پر طالبات کے والدین، پولیس حکام اور رینجرز کے جوان بھی پہنچ گئے۔ ایس ایچ او راؤ ظہیر نے بتایا کہ واقعے کی درخواست وصول کرلی ہے اور تھانے میں تعینات تمام اہلکاروں کی شناخت پریڈ بھی کروائی ہے، تاہم ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، جس کے بعد دیگر ذرائع سے موبائل اور اہلکار کی تلاش شروع کردی ہے، واقعہ غلط فہمی کے باعث پیش آیا تھا اور ملوث اہلکار کو تلاش کر کے جلد قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے شارع نورجہاں تھانے کی حدود میں آن ڈیوٹی اہلکار کی جانب سے طالبات کی مبینہ ویڈیو بنانے اور نازیبا حرکات کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کا سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی سینٹرل سے واقعے کی مکمل انکوائری پر مشتمل رپورٹ فوری طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام تر حقائق سامنے لاکر مرتکب اہلکار سمیت اسکے سپروائزری افسر کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More