میرپور خاص جانیوالی ٹرینیں ناکام بنانے کی سرگرمیاں تیز

0

میرپور خاص (بیورو رپورٹ) میر پور خاص جانیوالی ٹرینیں ناکام بنانے کیلئے ٹرانسپورٹ مافیا نے سرگرمیاں تیز کر دیں، کوچیں بھرنے کیلئے ٹرین کی روانگی میں تاخیر کی جاتی ہے۔ گزشتہ روز بھی صبح 6 کے بجائے 8 بجے مہران ایکسپریس روانہ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 11سال بعد عوام کے پرزور مطالبہ پر حکومت نے میرپورخاص سے کراچی کے لیے مہران ایکسپریس ٹرین کو دوبارہ بحال کیا مگر اس ٹرین کو ایک بار پھر سے فیل کرنے کے لئے بااثر افراد سرگرم ہو گئے ہیں مختلف بہانوں سے آئے روز مہران ایکسپریس کو تاخیر کا نشانہ بنا کر مسافروں کو اذیت دی جارہی ہے گزشتہ روز مہران ایکسپریس ٹرین جو کہ صبح چھ بجے کراچی روانہ ہوتی ہے مختلف بہانوں سے اسے پونے آٹھ بجے روانہ کیا گیا تاخیر کی وجہ سے مسافر شدید پریشانی کے عالم میں نظر آئے اور مسلسل تاخیر سے 90کے قریب مسافروں نے خریدے ٹکٹ واپس کئے جس سے محکمہ ریلوے کو بیس سے 25ہزار روپے کا نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شب محکمہ ریلوے کے اہلکاروں نے جان بوجھ کر ٹرین کاانجن بند کر دیا تھا جو صبح اسٹارٹ نہیں ہو سکا اس حوالے سے کراچی جانے والے مسافروں اکبر ، عبداللہ اور دیگر نے بتایا کہ ہم مہران ایکسپریس سے اکثر جاتے ہیں اور شروع شروع میں یہ ٹرین مقررہ وقت پر پہنچ جاتی تھی مگر چند روز سے یہ ٹرین ریلوے انتظامیہ کی غفلت سے بہانے کر کے تاخیر کر رہی ہے جس سے ہم نجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے چلے جاتے ہیں اس حوالے سے سماجی رہنما ملک راجہ عبدالحق، ملک عبدالغفار نے کہا کہ عوام کی سخت جدوجہد کے بعد میرپورخاص تا کراچی مہران اور شاہ لطیف ایکسپریس کی بحالی سے ڈویژن بھرکے لاکھوں عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے اور یہ آمدنی والی ٹرینیں ہیں تاہم بعض عناصر جان بوجھ کر ان کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم عوام کے تعاون سے ان عناصر کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More