متحدہ لندن کے مزید 3 دہشت گرد دھرلئے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ لندن کے مزید 3 دہشت گرد دھرلیے گئے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور سائبر کرائم میں ملوث ہیں۔رینجرز اور پولیس نے دیگر کارروائیوں میں گینگ وار کے کارندے اور منشیات فروشوں سمیت 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے عزیز آباد کے علاقے میں کارروائی کرکے متحدہ لندن کے 2 دہشت گردوں مونس علوی اور عبدالباسط قریشی کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے اعلامئے کے مطابق ملزمان سائبر کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔رینجرز نے نبی بخش اور ملیر ٹاؤن سے 4 ملزمان محمد طارق، محبوب علی، محمد شوکت اور راشد انوار کو گرفتار کیا۔ملزمان بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ انویسٹی گیشن پولیس نے لاسی پاڑہ بلدیہ سے متحدہ لندن کے خطرناک ٹارگٹ کلر محمد طارق داؤد عرف زاہد چائنا کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔گرفتار ٹارگٹ کلر نے دوران تفتیش 4 افراد احمد ، کامران ، شہزاد اور دانش کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔رینجرز نے نبی بخش کے علاقے میں کارروائی کرکے اسلحہ کی ترسیل اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم عبدالمتین ، دیگر علاقوں سے 3 ملزمان عبدالحکیم، فاروق اور ملک سراج عرف معراج کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔کلری پولیس نے مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے کارندے ابراہیم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ملزم نے کچھ روز قبل فائرنگ کرکے پولیس اہلکار غلام حسین کو زخمی کیا تھا۔سپرمارکیٹ پولیس نے 3 ملزمان افضل، خاور اور جمیل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ اور کئی مرتبہ جیل جاچکے ہیں۔گارڈن پولیس نے ملزم علی رضا عرف سجاد کو گرفتار کرکے رائفل اور گرینیڈ برآمد کرلیا۔ کھارادر پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ملزم نور عالم ، کورنگی پولیس نے ملزم عبدالغنی، گلستان جوہر پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ملزم سعید، سعود آباد پولیس نے ملزم جاوید حسین اور سائٹ اے پولیس نے ملزم ارباز کو گرفتار کرلیا۔ لانڈھی پولیس نے گٹکے کے کارخانے پر کارروائی کرکے 8افراد کو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں چھالیہ ، کتھا اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔