کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کا خرچ چلانے کیلئے پرائیوٹ بیٹر مقرر
کراچی (نمائندہ خصوصی) کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے تھانے کا خرچ چلانے کیلئے پرائیوٹ بیٹر مقرر کردیا، خود کو ڈی ایس پی کورنگی اور ہیڈ محرر کا چہیتا بتانے والے عاشق عرف ماڑو نے علاقے سے بھتہ جمع کرنے کیلئے انٹرنیٹ ایپ پر چلنے والی سفید کرولا پورے مہینے کیلئے کرائے پر حاصل کرلی ہے، جس میں وہ 2 اہلکار ساتھ لیکر دکانداروں اور ہوٹل،کیبن مالکان سے لوٹ مار کررہا ہے، تھانے کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشق ماڑو روڈ پر چلتے پھرتے شہریوں کو کھلے عام لوٹنے میں مصروف ہے اور کئی بار شکایات کے باوجود اس کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ آسکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی عاشق عرف ماڑو نے علاقے سے مختلف دکانداروں، ہوٹل والوں اور کیبن والوں کو تھانے لے جا کر ہزاروں روپے رشوت لے کر چھوڑا اور جن کے پاس دینے کیلئے پیسے نہیں تھے، ان پر مقدمہ درج کردیا گیا، جبکہ جن کیبن والوں پر مقدمہ درج کیا گیا ان کو بھی کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے انویسٹی گیشن والوں نے 5 ہزار کی شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا اور کہا کے 10دن بعد فون کرینگے، کورٹ آ جانا اور ضمانت کرالینا۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشق عرف ماڑو نے کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور روزانہ تھانے کی حدود میں مختلف علاقوں سے بے گناہ شہریوں کو اٹھا کر لوٹا جا رہا ہے۔ تھانے کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشق عرف ماڑو پولیس اہلکار نہیں ہے اور ڈی ایس پی اور ہیڈمحرر فاروق کی سرپرستی میں روزانہ پرائیوٹ گاڑی میں 2پولیس اہلکاروں کو ساتھ بٹھا کر مختلف دکانوں، ہوٹلوں اور کیبن والوں کو اٹھا کر باہر ہی پیسے لیکر اسے چھوڑ دیتا ہے اور جس کے پاس پیسے نہ ہوں اسے تھانے لے جا کر گھر والوں کو فون کروا کر رقم منگواتا ہے، اس طرح جو پیسے دیدے اسے چھوڑ دیا جاتا ہے اور جس کے پاس پیسے نہ ہوں، اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسا دیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہا ایس ایس پی کورنگی نے چارج لیتے وقت اپنے تمام اہلکاروں سے قرآن پاک پر حلف لیا تھا کہ میرے علاقے میں کوئی اہلکار رشوت لے گا، نہ ہی کسی شہری کو ناجائز پریشان کرے گا، تاہم پرائیوٹ بیٹر نے ان احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا اور کھلے عام شہریوں کو حراساں کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشق ماڑو نے کورنگی میں تمام جرائم کے اڈے چلانے والوں سے ہزاروں روپے ہفتہ طے کر رکھا ہے، جبکہ گٹکا فروخت کرنیوالی دکانوں اور کیبن کے مالکان کو پہلے اٹھایا جاتا ہے، اسکے بعد چھوڑنے کے پیسے لئے جاتے ہیں اور پھر ان سے ہفتہ باندھا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی پولیس اہلکار عاشق ماڑونے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں موجود دکان، ہوٹل اور کیبن مالکان سے ایک ہزار روپے ہفتہ باندھ رکھا ہے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے ہیڈ محرر فاروق سے رابطے پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے 20دن پہلے چارج لیا ہے اور میرے علم میں کوئی ایسی بات نہیں اور ہمارے تھانے میں عاشق عرف ماڑو نام کا کوئی آدمی نہیں ہے، جبکہ ڈی ایس پی کورنگی فتح محمد شیخ کا کہنا تھا کہ میرے علم میں کوئی ایسا آدمی نہیں ہے، میرا گارڈ، ڈرائیور پولیس اہلکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خود معاملے کو دیکھ رہا ہوں اور جعلی اہلکار کو پکڑوانے میں آپ بھی میری مدد کریں تاکہ پولیس کوبدنام کرنیوالے کوگرفتار کیا جاسکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ایسے شخص کو دیکھیں تو فوری تھانے میں اطلاع کریں۔