سعودی سرمایہ کاری معاہدہ کابینہ لے جانے کا اعلان
اسلام آباد(خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کاری معاہدہ وفاقی کابینہ میں لے جا رہے ہیں۔مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے ملک میں تاریخ کی سب سے بڑی سعودی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے بڑے اقتصادی پیکیج کی گیند پاکستان کی کورٹ میں ہے۔اسلام آبادمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کے عوام کرپٹ لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں۔کوئی بھی معاشرہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ملک میں انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ جیب کاٹنے والے کو جیل ہو تو ملک لوٹنے والے کو بھی ہو۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں کہ کون سا افسر کس کے قریب ہے، مجھے کام کرنے والے کی قدر ہے ۔
اسلام آباد(نمائندہ امت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ ہماری معیشت کو بڑا نقصان پہنچا رہی ہے۔ڈالرز کی اسمگلنگ روکنے کیلئے ہرطریقہ اختیار کریں گے۔ڈالرز کی اسمگلنگ روکنے کیلئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر نظر ہے۔سرمایہ کاروں کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں بزنس ڈیسک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے پاکستان اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ پھیلانے والا ملک کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے خودانحصاری پیدا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 21کروڑ والے ملک میں صرف 24 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہیں ، جو افسوس ناک ہے۔ پیسہ بنانا گناہ نہیں، پیسہ چوری کرنا گناہ ہے۔