پاکستان سپر لیگ فور کے شیڈول کا اعلان
لاہور (امت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ پی ایس ایل اگلے سال 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں کھیلی جائے گی۔ لیگ کا فائنل میچ 17 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔ لیگ میں 6 ٹیمیں لاہور قلندر، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور چھٹی ٹیم ( سابقہ ملتان سلطانز) حصہ لیں گی۔ لیگ رائونڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار پی ایس ایل جیت چکی ہے۔ جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14 فروری کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے مابین دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں 34 میچز کھیلے جائیں گے، جس میں سے آخری 8 میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
٭٭٭٭٭