نجم سیٹھی نے پی سی بی کو30کروڑ کا نقصان پہنچا دیا
اسلام آباد (آن لائن) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے خو د کو صحیح ثابت کرنے اور بھارت سے زر تلافی پانے کے چکر میں بورڈ کاپیسہ پانی کی طرح بہایا۔پاکستان نے باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ پورا نہ کرنے پر بھارت کیخلاف 63 ملین ڈالر کا مقدمہ کیا تھا جس کا نتیجہ اس کے خلاف سامنے آیا اور اب مزید رقم بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے کیوں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پی سی بی سے اخراجات کی مد میں 28.6کروڑ پاکستانی روپے وصول کرنے کیلئے کیس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایسے کیسز میں دونوں پارٹیز اور تنازعات کمیٹی اپنے اپنے اخراجات کی مکمل تفصیل پیش کرتی ہیں، پھر دونوں پارٹیز میں سے جس کے خلاف فیصلہ آئے اسے ادائیگی کرنا پڑتی ہے، اب پاکستان کو بھی رقم دینا پڑے گی اور اسے چیلنج بھی نہیں کیا جا سکتا۔
٭٭٭٭٭