کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے سیلز ٹیکس ریفنڈ خورد برد ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنادیا اور جرم ثابت ہونے پر انکم ٹیکس کے 3 ملازمین مجموعی 46برس قید اور 8کروڑ جرمانے کی سزائیں سنادیں گزشتہ روز احتساب عدالت میں ریفرنس کی سماعت پر ملزمان آصف ارشد ، مرتضیٰ علی اور عادل ارشد کو پیش کیا گیا ۔ دوران سماعت عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آصف ارشد کو 20 برس قید اور2کروڑو 22لاکھ روپے جرمانہ ، مرتضیٰ علی کو 6 برس قید اور 5کروڑ 27لاکھ روپے جرمانہ اور عادل ارشد کو 20 برس قید اور 51لاکھ 69ہزار روپے جرمانے کا حکم سنایا ۔استغاثہ کے مطابق ملزمان پر سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا ۔ ملزمان نے جعلی دستاویزات کے ذریعے سیلز ٹیکس ریفنڈ میں خورد برد کی ، ان کے خلاف 2 ریفرنسز دائر کئے گئے تھے جن میں ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں ۔