سعودیہ سے مزید1ارب ڈالر مل گئے

0

اسلام آباد(نمائندہ امت) پاکستان کو سعودی عرب کے امدادی پیکج کے تحت مزید ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہوگئی ہے۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کو سعودی پیکج کے تحت مزید ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 24 کروڑ ڈالر ہوگئے، جنوری میں ایک ارب ڈالر کی مزید قسط موصول ہوجائے گی، جس سے ذر مبادلہ کے ذخائر کی بہتری میں مدد ملے گی۔اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر سعودی عرب نے ایک سال کے لیے پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رکھنے اور 3 سال تک سالانہ 3 ارب ڈالر کا تیل ادھار پر دینے کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی۔سعودی عرب نے گزشتہ ماہ ایک ارب ڈالر ڈپازٹ کئے تھے اور رواں ماہ مزید ایک ارب ڈالر دپازٹ کردئیے گئے ہیں۔دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی ڈپازٹس سے پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔علاوہ ازیں عالمی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت میں بہتری آنے کی پیشن گوئی کردی، ادارے کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل لمبے عرصے میں مضبوط ہے، نئی حکومت کی جانب سے اداروں میں اصلاحات سے مزید بہتری آئے گی جبکہ پاکستان میں کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے۔ معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے تبصرہ کیا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل لمبے عرصے میں مضبوط ہے اور آئندہ دو سالوں میں معاشی نمو 4.3 اور 4.7 فیصد رہے گی۔موڈیز کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے معاشی ترقی کا حصہ بن رہے ہیں، خصوصاً امن، بہتر پاور سپلائی اور ترقیاتی منصوبوں نے ترقی کے مواقع بڑھائے ہیں جس سے لمبے عرصے میں رکاوٹیں دور اور ترقی کی صلاحیت بہتر ہوگی۔موڈیز کے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے اور نئی حکومت کی جانب سے اداروں میں اصلاحات سے مزید بہتری آئے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More