بلوچستان میں6ایف سی اہلکار شہید۔4دہشت گرد مارے گئے

0

کوئٹہ( امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایف سی کے6 اہلکار شہیدہو گئے۔فائرنگ کے تبادلے میں4 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں تربت کے علاقے بلیدہ کے نزدیک واکئی ایریا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ۔ کارروائی دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کی گئی ، جہاں فائرنگ کےتبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔اس دوران دہشت گردوں نے بارودی سرنگ سے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں 6 سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہید نائب صوبیدار گل شہادت کا تعلق کرک، شہید نائیک لعل خان کا لکی مروت، شہید نائیک سجاد کا لودھراں،شہید سپاہی انور کا کرک ، شہید نائیک نواز کا تونسہ شریف اور شہید سپاہی سجاد کا تعلق سیالکوٹ سے تھا۔دریں اثنامغربی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روزبلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید اور14 زخمی ہو گئے۔سیکورٹی فورسز پرتحصیل بلیدہ کے قریب واکئی کے مقام پر حملہ کیا گیا۔ جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک و زخمی ہو ئے۔حملے میں زخمی ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کوبلیدہ میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد علاج کے لیے تربت منتقل کیا گیا۔ مغربی میڈیا کے مطابق اس دہشت گردی کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیموں بی ایل ایف ، بی ایل اے اور بلوچ ریپبلیکن گارڈ ز کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔ کیچ ایران سے متصل ضلع ہے۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بلوچستان کے وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 6 اہلکار شہید اور14 زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More