گوجرانوالہ کے نجی کلینک میں غلط انجکشن سے 2خواتین جاں بحق
گوجرانوالہ(خبر ایجنسیاں)گوجرانوالہ کے نجی کلینک میں غلط انجکشن لگنے سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ کینٹ میں لیڈی ڈاکٹر کی غفلت اور لاپرواہی 2خواتین کی جان لے گئی اور ڈلیوری کے بعد انجکشن لگنے سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ ڈاکٹر صائمہ نے ڈلیوری کے بعد اقرا اور سدرہ کو انجکشن لگایا تو دونوں تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئیں۔ واقعہ کے بعد ڈاکٹر صائمہ اور کلینک کا عملہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو تحقیقات کا حکم دے دیا اور رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔