کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کی انتظامیہ نے ایئر پورٹ پر ایف آئی اے کو دفتر فراہم کردیا، یہ فیصلہ بدعنوانی کے خلاف ہونے والی تحقیقات کی جلد تکمیل کیلئے کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ادارے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کراچی میں ایئرلائن ہیڈ آفس میں احتساب کے لئے ایف آئی اے کو دفتر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر کی فراہمی کا فیصلہ ایئرلائن کی درجنوں انکوائریوں کی جلد تکمیل کے ضمن میں کیا گیا ہے، دفتر کی موجودگی سے ایف آئی اے کو ریکارڈ کی جلد فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے گزشتہ دس سال میں ہونے والی مبینہ کرپشن اور بدعنوانیوں کی تحقیقات کر رہی ہے، اس حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کو پیشگی آگاہ بھی کر رکھا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے بعد ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ طور پر نیب کو بھی دفتر فراہم کئے جانے کا امکان ہے۔