دوسرا ٹیسٹ- آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 326 رنز پر آئوٹ
پرتھ (امت نیوز) آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ ایشانت شرما نے 4، جسپریت بمرا، اومیش یاداو اور وہاری نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں بھارتی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان آسٹریلوی ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 154 رنز درکار ہیں، کپتان ویرات کوہلی 82 اور اجنکیا راہانے 51 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مچل سٹارک نے 2 اور جوش ہیزلووڈ نے ایک وکٹ لی۔ ہفتہ کو پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 277 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ٹم پین 16 اور پیٹ کمنز 11 رنز پر کھیل رہے تھے، بھارتی بائولرز نے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر زیادہ دیر تک سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 326 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ٹم پین 38، کمنز 19، سٹارک 6 اور ہیزلووڈ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ایشانت شرما نے 4 جسپریت بمرا، اومیش یاداو اور وہاری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور 8 کے سکور پر اس کے دونوں اوپنرز آئوٹ ہو گئے، مرلی وجے بغیر کوئی رن بنائے سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ لوکیش راہول 2 رنز بنا کر ہیزلووڈ کا شکار بنے۔