نیوزی لینڈ کیخلاف سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی
ویلنگٹن (امت نیوز) سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنا لئے۔ 9 رنز پر ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد اینجلو میتھیوز، دیمتھ کرونارتنے اور نیروشن ڈکویلا نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 83، 79 اور 73 رنز کی اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو تباہی سے بچایا بلکہ اس کی پوزیشن بھی بہتر بنا دی، میتھیوز اور کرونارتنے آئوٹ ہو گئے ہیں تاہم ڈکویلا 73 رنز بنا کر کیویز بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، ٹم سائوتھی نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہفتہ کو ویلنگٹن میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 9 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، گونا تھلیکا اور دھنن جایا ڈی سلوا ایک، ایک اور کوسل مینڈس 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔