کشمیری نوجوان کی شہادت پر جکارتہ میں بھارت مخالف مظاہرہ
سری نگر؍ جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج کی فائرنگ سے انڈونیشیا پلٹ کشمیری نوجوان کی شہادت پر جکارتہ میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔ پلوامہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے گھر کے باہر کھڑے نوجوان عابد لون نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔ عابد لون نے انڈونیشیا سے ایم بی اے کیا اور پھر روزگار کے لیے وہیں مقیم ہو گیا تھا جہاں اس نے کچھ عرصہ قبل مقامی خاتون سے شادی کر لی تھی ۔عابد نبی لون اہلیہ کے ہمراہ 6 ماہ قبل ہی اپنے والدین کے پاس کشمیر واپس آیا تھا اور حال ہی میں کاروبارشروع کیا ۔ عابد کی 3 ماہ کی معصوم بیٹی ہے۔ عابد لون کی شہادت پر غیر ملکی اہلیہ غم سے نڈھال ہیں۔عابد نبی لون کی شہادت پر انڈونیشیا میں ان کی اہلیہ کے والدین کے گھر لوگوں کا تانتا بندھ گیا۔اپنی بیٹی کے بھری جوانی میں بیوہ ہو جانے پر افسردہ ماں نے دیگر شہریوں کے ہمراہ جکارتہ میں مظاہرہ بھی کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینر اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر میں معصوم نوجوانوں کاقتل عام رکوانے کے مطالبے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی جارحیت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔