کھوکھرا پار راہداری کھول سکتے ہیں اب بھارت پہل کرے۔گورنرسندھ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات بھی کئے ہیں جس کی مثال کرتار پور راہداری کھولنا ہے۔اس عمل کو آگے بڑھانے کیلئے کھوکھراپار سرحد بھی کھول سکتے ہیں اس کیلئے اب بھارت کو پہل کرنا ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےایکسپو سینٹر میں جاری 14ویں بین ا لاقوامی نمائش بلڈ ایشیا کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔گورنر نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا بھارت کےبغیر گذارا ہوتارہاہے اور آئندہ بھی ہوتارہے گا اگر بھارت برابری کی بنیاد پر بات کرے تو ہم اس کیلئے تیار ہیں ۔مسئلہ کشمیرحل ہوئے بغیر امن کا خواب ،خواب ہی رہے گا اس کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے بلڈ ایشیا نمائش سب سے بڑا ذریعہ ثابت ہوئی ہے حکومت منتظمین سے مکمل تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں نے بہت کوشش کی کہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کرچلوں لیکن افسوس کہ بہتر رسپانس نہیں ملا ۔معلوم نہیں کہ سندھ حکومت کو مجھ سے کیا خطرہ ہے ا پیکس کمیٹی کے اجلاس میں مدعو نہ کیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ ، وفاق کی معاونت سے کراچی میں منصوبوں کی نگرانی کروں گا، سندھ حکومت کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی جو قبول نہیں کی گئی ۔گورنر نے کہا کہ گیس کی بندش کا وفاق نے سخت نوٹس لیا ہے۔