کروڑوں مالیت کے آئس پاؤڈر کی سعودیہ اسمگلنگ ناکام۔2گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ائیر پورٹ سیکورٹی فورس اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات تیاری میں استعمال ہونے والا کروڑوں روپے مالیت کا کیمیکل اور آئس پاؤڈر برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزم تخت بائی مردان کا رہنے والا ہے جو میتھا فیٹا مائن نامی کیمیکل بوتل میں چھپا کر سعودی عرب لے جارہا تھا۔ کیمیکل کی مالیت دو کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ ادھر ترجمان اے ایس ایف کے مطابق غیرملکی پرواز کے ذریعے ریاض جانے والے مسافر جاوید علی کے سامان کی تلاشی کے دوران آئل کی 8 بوتلوں کے اندر چھپائی گئی آئس پاوڈر برآمد ہوئی، ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے،مسافر جاوید علی کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جارہی ہے۔