وزیر اعظم- آرمی چیف کا شہداء کو خراج تحسین-لواحقین سے اظہار یکجہتی
اسلام آباد/راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا ہے،شہداء کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا، سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سرانجام دیا جس کی مثال نہیں ملتی، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کرقوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی، شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ غمزدہ والدین سے دِلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، قوم معصوم شہداء کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، دنیا کی اس جنگ کی سب سے بھاری قیمت ہم نے ادا کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نقصانات کے باوجود ہم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں، تعلیم کی بدولت ہی انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مستقل مات دے سکتے ہیں۔دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا اور والدین کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا اور والدین کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کے شہدا ءکو نہیں بھولے، قوم نے بہادری کے ساتھ ان چیلنجز کا مقابلہ کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔
پشاور(نمائندہ امت)سانحہ آرمی پبلک سکول میں شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ اس حوالے سے آرمی پبلک سکول پشاورمیں دعائیہ تقریب ہوئی جس میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ تقریب میں واقعہ میں محفوظ رہنے والے بچوں، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں گورنر شاہ فرمان کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر، صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر کور کمانڈر پشاور اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے یادگار شہدا پر پھول رکھے جبکہ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے شہدا ء کو سلامی پیش کی۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء ہمارے ہیرو ہیں اورنوعمر بچوں کی لازوال قربانیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ دلخراش واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے متحد ہوگئے ہیں اور آج پوری قوم آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ یادگار شہداء پر عام شہریوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے فاتحہ خوانی کی تاہم چار سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود شہدا ء کے والدین آج بھی صدمے سے نڈھال ہیں۔ جن والدین کے بچے بچ گئے وہ بھی اس ہولناک دن کوفراموش نہیں کرسکے۔