پنجاب کی شاہراہیں دھند میں گم ہونے سے سفری مشکلات بڑھ گئیں

0

راولپنڈی؍لاہور؍فیصل آباد (خبرایجنسیاں؍امت نیوز) پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں،سڑکوں اورموٹرویزپرحدنگاہ بے حدکم ہونے کے باعث سفرمیں سخت مشکلات درپیش ہیں، شمالی بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہوگیا،کالام میں پارہ منفی 9 تک گر گیا، کراچی میں بھی کوئٹہ کی ہواؤں نے اثر دکھا دیا۔جبکہ محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت اور دھند برقرار رہنے کی پیشگوئی کردی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاڑا دھوم مچانے لگا، دھند نے بھی ڈیرے جما لئے۔ پہاڑوں پر برفباری کے بعد ملک میں موسم تیزی سے سرد ہو رہا ہے۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہے۔ اسکردو منفی11،کالام میں درجہ حرارت منفی 9تک گر گیا، استور میں منفی8، کوئٹہ میں منفی6، قلات منفی 5، دیر منفی 4 اور مالم جبہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔کوئٹہ کی ہواؤں کے باعث کراچی بھی سردی کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرات 12 ریکارڈ کیا گیا۔ مری میں صفر،اسلام آباد 2، لاہور 5، فیصل آباد 4، ملتان 6،سرگودھا4 اور پشاور میں پارہ 2 رہا۔دوسری پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند رہی۔اٹک ،راولپنڈی،جہلم ،چکوال، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور اور احمد پور شرقیہ سمیت متعدداضلاع کی سڑکیں دھندمیں گم ہوگئیں ۔ بستی ملوک،لودھراں اور بہاول پور بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔حد نگاہ کم ہونے کے باعث خانیوال ملتان موٹر وے بند کر دی گئی۔ موٹر پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔ ایم تھری فیصل آباد پنڈی بھٹیاں پربھی دھند کے دوران انڈیکیٹرز اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور فوگ لائٹس کے بغیر گاڑیوں کو موٹر وے پر داخل ہونے سے روک دیاگیا ہے ۔موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ فوگ لائٹس کے بغیر موٹر وے پر گاڑیوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور ان کے چالان بھی کر دیئے جائیں گے، موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ صبح کے اوقات میں فوگ لائٹ کے بغیر کوئی گاڑی موٹر وے پر نہ جائے ، موٹر وے پر سست رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے ڈرائیوروں کیخلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایم تھری پر 80کلو میٹر فی گھنٹہ سے کم رفتار پر چلنے والی لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز کے بھی چالان کر دیئے جائیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل تک سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگااور دھند برقرار رہے گی۔ترجمان میٹ آفس کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More