مسئلہ کشمیر قتل وغارت نہیں مذاکرات سے حل ہوگا-عمران
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تشدد اور قتل وغارت سے نہیں مذاکرات سے حل ہوگا،اقوام متحدہ اور او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کریں اورسلامتی کونسل حق خودارادیت دلانے کا وعدہ پورا کرے،وزیراعظم عمران خان نے پلوامہ میں معصوم کشمیریوں کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہر سطح پر اٹھائیں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کا تنازع قتل اور تشدد سے نہیں صرف مذاکرات سے حل ہوگا، سلامتی کونسل حق خود ارادیت دینے کے وعدے پر عمل کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں گے، سلامتی کونسل کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کرائے۔عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنا مستقبل خود طے کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش رہنے پر عالمی برداری کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اتنی بے حس کیسے ہوسکتی ہے، تمام سیاسی قوتوں اور کشمیری عوام سے درخواست ہے کہ وہ مقبوضہ خطے کے معاملے میں اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر متحد ہوجائیں۔یورپی یونین نے 19 فروری کو برسلز میں کشمیر میں ہونے والے مظالم پر ایک عوامی سماعت منعقد کی جارہی ہے، پاکستان اس کی بھرپور تائید کرے گا اور اس کا حصہ بھی بنے گا۔5فروری کو لندن میں کشمیرپر عالمی کانفرنس منعقد کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج قتل عام پر اتر آئی ہے، پہلے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جاتی تھی لیکن اب شہید کرنے کے لیے سیدھی فائرنگ کی جاتی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کی ترجیحات میں کشمیر شامل نہیں لیکن وہ اتنی بے حس اور لاتعلق کیسے ہوسکتی ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو بولنے میں تو کوئی مشکل نہیں ہونی چاہیے، اگر کشمیر پر آوازاٹھانے میں دقّت ہے تو کم از کم انسانی حقوق پر تو آواز اٹھائیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 2014 کے بعد بھارتی مظالم نے حدیں پار کرلی ہیں، پلوامہ میں ایک روز میں 14 شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، مقبوضہ کشمیر میں 2018 میں جوبھارتی ظلم و ستم ہوا وہ ناقابل بیان ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے 2016 سے اب تک 500 نہتے کشمیری شہید کئے گئے ہیں، 18 ماہ کی بچی آنکھ میں چھرہ لگنے سے بینائی سے محروم ہو گئی۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انسانی حقوق کے کمشنر اور او آئی سی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کریں، تمام پاکستانی مشنز کو مسئلے کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی ہے کہ عالمی برداری کی توجہ دلائیں کہ وہ انسانیت سوز قتل عام کو فی الفور رکوانے میں کردار ادا کریں، امید ہے عالمی برادری بھارتی ریاستی دہشتگردی پر آواز اٹھائے گی۔