پولیس کارروائیوں کے دوران 97 ملزمان گرفتار-اسلحہ برآمد و منشیات برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں پولیس کارروائیوں کے دوران 97 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد اور منشیات برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے قتل کے الزام میں ملزم علی اور شیخ حارث کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے رقم کی لین دین پر ارشاد نامی شخص کو قتل کیا تھا۔ چاکیواڑہ پولیس نے گینگ وار ملزم عابد عرف چھوٹا کو گرفتار کرکے ملزم سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، ملزم اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ بلال کالونی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب سہیل ،ضمیرالدین، عامر اور عمران عرف گنجا کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکل، منشیات و دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ تیموریہ پولیس نے متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم غلام مصطفٰی عرف پپو کو گرفتار کر لیا، ملزم سے اسلحہ ،منشیات اور موٹر سائیکل ملی ہے۔ قائد آباد پولیس نے ملزم عظمت اور مقصود کو گرفتا ر کر لیا ہے، ملزمان سے 90گرام ہیروئن اور 80گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ سکھن پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم غلام رسول کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری جانب شہر کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے 24گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں 52چھاپہ مار کارروائیوں اور مقابلوں کے بعد86ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں 2ڈکیت ،غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں10،امتناع منشیات کے مقدمے میں11ملزمان، 4 مفرور و اشتہاری اور دیگر جرائم میں ملوث59ملزمان شامل ہیں، جن سے 11پستول اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔