پاکستان کو دہشتگردی ۔سائبر کرائم کیخلاف تعاون کی ترک پیشکش
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)ترکی نے پاکستان کو دہشتگردی اورسائبر کرائم کے خلاف تعاون کی پیش کش کر دی۔ یہ پیشکش ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلونےوزیر اعظم عمران خان اور وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں کی ۔ترک وزیر داخلہ نےوزیر اعظم عمران خان کو ترک صدر کا خصوصی پیغام پہنچایا اور ترکی کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترک صدر کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ترک وزیرداخلہ اور وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے دہشتگردی کے انسداد کے عزم کا اظہارکیا اور اس ضمن میں مشترکہ تعاون پر زور دیا۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک ۔ترک تعلقات تاریخی، مذہبی اور روحانی بنیادوں پر قائم ہیں، موجودہ حکومت باہمی روابط کو مزید تقویت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معاملہ پر پاکستان کا ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔۔ ترک وزیر داخلہ نے دہشتگردی اور سائبر کرائم کے خلاف پاکستان سے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پولیس کو تربیت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستحکم معیشت سے ہی ملک ترقی کرتا ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔وہ اسلام آباد میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہ سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے معیشت کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ ہمیں ورثے میں ملا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں چھوٹی اور درمیانی صعنتوں کو بہتر کرنا ہوگا ۔