سینٹری ورکروں کی کمی سے لیاری’’کچرا گھر‘‘ بن گیا

0

کراچی (رپورٹ: رفیق بلوچ) سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اتھارٹی اور ڈی ایم سی جنوبی کراچی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لیاری ‘‘کچرا گھر’’ میں تبدیل ہوگیا ہے، صفائی نہ ہونے سے اہل علاقہ پریشان ہیں۔ لیاری میں صفائی ستھرائی پر روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے سینٹری ورکرز کی تعداد 12سو ملازمین سے کم ہوکر تقریباً 3سو کے قریب رہ گئی ہے اس طرح لیاری کے تمام یوسیز میں 75فیصد سینٹری ورکرز ملازمین کی عمریں 50برس سے اوپر ہیں ان میں کام کرنے کی وہ صلاحیت نہیں رہی ہے ،وہ اپنے فرائض صحیح طریقے سے انجام نہیں دے پارہے ہیں دوسری جانب سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اتھارٹی اور چینی کمپنی افرادی قوت میں اضافہ کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ضلع جنوبی کراچی میں ایک لمبےعرصے سے ریٹائرڈ ملازمین کی جگہ سینٹری ورکرز کی بھرتی پر پابندی عائد کی گئی ہے اس سلسلے میں ”امت “نے لیاری کے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے بات چیت کی یوسی8کے چیئرمین حاجی عبدالمجید نے بتایا کہ چینی کمپنی کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے معاہدے کرنے سے قبل انہوں نے ڈی ایم سی جنوبی کراچی کو علاقے کے کچرے کے نظام کے بارے میں درخواستیں لکھیں کہ ان کے یوسی میں جھاڑولگانے اور کوڑا کرکٹ کو کوڑے دانوں تک پہنچانے والے افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے لیکن ڈی ایم سی جنوبی کراچی کے انتظامیہ خاص طور پر چیئرمین نے تاحال جواب دینا گورا نہیں کیا یوسی 14کے چیئرمین حاجی عبدالغفور نے بتایاکہ لیاری میں ان کے یوسی کو دیگر یوسیز کے مقابلے میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ماڈل یوسی کا درجہ حاصل تھا یہاں سینٹری ورکرز کی تعداد 35تھی جو دو وقت میں صفائی ستھرائی کا کام انجام دیتے تھے ان میں سے تقریباً 20سینیٹری ورکرز ریٹائرڈ ہوچکے ہیں جو ملازمین رہ گئے ہیں ان میں سے بیشتر ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں وہ اپنی ڈیوٹی صحیح طورپر انجام نہیں دے پارہے ہیں۔ یوسی 13کے چیئرمین ستار بلوچ ، یوسی 15کے چیئرمین حاجی حسن ، یوسی16کے چیئرمین فہیم بلوچ، یوسی 7کے چیئرمین عاشق حسین نے بھی لیاری میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بدترین قرار دیا انہوں نے اس کی مکمل ذمہ داری سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ، چینی کمپنی اور ڈی ایم سی جنوبی کراچی کو قرار دیا کہ ان کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے صفائی ستھرائی کا نظام بدتر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو بھی لیاری کی صفائی ستھرائی کا بھی ذمہ دار قرار دیا کہ وہ بھی لیاری میں سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے کے لئے افرادی قوت میں اضافہ کرانے سے گریزاں ہیں ،جس کی وجہ سے لیاری کچرا گھر کا منظر پیش کررہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More