کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے قونصل خانوں کیلئے نیا سیکورٹی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔جس کے تحت قونصل خانوں کی سیکورٹی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے منسلک کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی زیر صدارت 28 ممالک کے قونصل جنرلوں اور سفارتکاروں کا خصوصی اجلاس ہوا ۔جس میں سیکورٹی اقدامات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بریفنگ کے دوران تجویز دی کہ تمام قونصل خانوں کے منتخب پوائنٹس پر واچ ٹاورزاور سی سی ٹی وی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے جائیں انہوں نےبتایاکہ چینی قونصلیٹ پر حملے کو سامنے رکھتے ہوئے کراچی پولیس نیا سافٹ ویئر متعارف کرا رہی ہے جو تمام قونصل خانوں کو دیا جائیگا جس سے ہنگامی صورتحال میں پولیس کاجلدریسپانس یقینی بنایا جاسکے گا،ایس پی فارن سیکورٹی سیل بشیر بروہی نے سفارت کاروں کی سیکورٹی کے حوالے سے جملہ اقدامات کا احاطہ کیا۔آئی جی نے کہا کہ فی زمانہ سیکورٹی خدشات اور تحفظات عالمی مسئلہ ہے جن سے نمٹنے کے لیئے تمام ممالک ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ اس حوالے سے سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے تعاون کر رہے ہیں ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس رینجرز اور اور قونصل خانوں پر مشتمل واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے،انہوں نے اے آئی جی کراچی سے کہا کہ وہ تمام قونصل جنرلوں/ سفارتکاروں سے ماہانہ ملاقات یقینی بنائیں تاکہ انکی تجاویز اور مشاورت سے سیکورٹی اقدامات و حکمت عملی کو مزید بہتر اور فول پروف بنایا جاسکے ۔