ہیڈ کوچ کے بعد ٹیم منیجر حسن سردار بھی مستعفی
لاہور (آن لائن) ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سے ٹیم مینجمنٹ کے استعفوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ہاکی ٹیم کے کوچ توقیر ڈار کے بعد ٹیم مینیجر حسن سردار نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس متعلق حسن سردار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ تک کیلئے ہاکی فیڈریشن سے معاہدہ کیا تھا، فیڈریشن میں مزید آگے کام نہیں کرنا چاہتا۔واضح رہے کہ حسن سردار کی موجودگی میں قومی ٹیم نے ایشین گیمز، چیمپینز ٹرافی، اور ورلڈ کپ میں شکست کھائی جبکہ ایشین چیمپینز ٹرافی میں ٹیم نے بارش کے باعث بھارت کے ساتھ ٹرافی شیئرکی تھی۔قومی ہاکی ٹیم بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2018 میں پری کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔ ناک آؤٹ مرحلے میں قومی ٹیم کو بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔