برٹش ایئرویز کا 10سال بعد پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)برٹش ایئرویز نے 10 سال بعد پاکستان کے لیے دوبارہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔برٹش ایئرویز کے نمائندوں نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنررچرڈ کراؤڈر، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤدبھی موجود تھے،برٹش ایئرویز کے نمائندوں کاکہنا تھا کہ آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا اور برٹش ایئرویز اسلام آباد سے ہیتھرو کے لیے فلائٹ آپریٹ کرے گی۔برٹش ایئرویز کے نمائندے رچرڈ کراؤڈر کے مطابق برٹش ایئر ویز ہفتے میں تین فلائٹ آپریٹ کرے گی جبکہ دو طرفہ ٹکٹ 499پاؤنڈ میں دستیاب ہوگا۔برٹش ایئرویز کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان میں فضائی آپریشن کے لیے تھری کلاس 787 ڈریم لائن طیارے استعمال کیے جائیں گے۔نمائندہ برٹش ایئر ویز نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت بہت مشہور ہے اور یہ خوبصورت ملک ہے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر کمپنی نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس موقع پرقائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تیسرا بڑا سرمایہ کار ہے، دونوں ممالک کے تعلقات بہت خاص ہیں، برطانیہ میں 15لاکھ لوگوں کی آبائی جڑیں پاکستان میں ہیں، پاک فوج اورعوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے، پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا رابطہ دنیا بھر سے قائم رہے۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ برطانوی تجارت اور سرمایہ کاری پاکستان میں چاہتے ہیں، ایئر پورٹ سے جڑواں شہروں تک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا اور ایئر پورٹ تک ٹرانسپورٹ کی ناقص سہولیات کےبارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔برٹش ایئرویز کے فضائی آپریشن کی بحالی کے اعلان کے بعد برطانوی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے اعلامیے جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ برٹش ایئر ویز کا 15جون 2019سے لندن اسلام آباد پروازوں کا آغاز ہوگا جس کے لیے ٹکٹ بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ہیتھرو سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریٹرن فلائیٹ کا کرایہ 499پاؤنڈز ہے جب کہ ورلڈ ٹریولر پلس کے لیے کرایہ 773پاؤنڈز ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کلب ورلڈ کلاس کے لیے دو طرفہ کرایہ 1799پاؤنڈز ہو گا۔اعلامیے کے مطابق ہیتھرو ایئر پورٹ ٹرمینل5اور نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کے لیے استعمال ہوگا جب کہ فضائی آپریشن کے لیے بوئنگ 787ڈریم لائنر کی پروازیں چلائی جائیں گی۔دریں اثنا برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ڈائریکٹ لنک کھلنے سے یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔رطانوی ہائی کمشنر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مجھے برٹش ایئرویز کی دس سال بعد پاکستان واپسی پر بے حد خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ڈائریکٹ لنک کھلنے سے یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیم و تجارت کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔تھومس ڈریو کا کہنا تھا کہ میں جون 2019میں برٹش ایئرویز کے پہلے طیارے کی آمد کا منتظر رہوں گا۔یاد رہے کہ برٹش ایئرویز نے 2008میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر بم دھماکے کے بعد پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بند کردیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More