پنجاب کے 15 سے زائد وزرا کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار

0

لاہور(امت نیوز) ملک انور اور عمار یاسرسمیت 15سے زائد صوبائی وزراکی کارکردگی غیرتسلی بخش قرار دی گئی ہے ،وزیراعظم نے فرداً فرداً ملاقات کریں گے اور مایوس کن کارکردگی پرانتباہ کیاجائے گا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں وزراء کے احتساب کا دن قریب آگیا، وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی کابینہ کے تمام اراکین سے ون آن ون ملاقاتیں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ون آن ون ملاقاتوں میں صوبائی وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعظم کو وزراء کی مایوس کن کارکردگی سے آگاہ کرنے کے لیے2رپورٹس تیار کر کے بھجوائی گئی ہیں۔ ایک رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جبکہ دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر خفیہ تیار کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے 15وزراء کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ بھجوائی گئی دوسری رپورٹ میں 15سے زائد وزراء کی کارکردگی کو غیرتسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔ 15سے زائد وزراء نے اپنے محکموں کی بریفنگ لینے کےعلاوہ کچھ نہیں کیا۔ وزیراعظم صوبائی کابینہ کے کسی بھی وزیر کو تبدیل کرنے کے بجائے مایوس کن کارکردگی پر پہلے انہیں وارننگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مایوس کن کارکردگی دکھانے والے وزراء کا تعلق اتحادیوں سے ہے۔ غیر تسلی بخش کارکردگی میں ملک محمد انور، حافظ عمار یاسر، محمد اخلاق، مہر محمداسلم، میاں خالد محمود، ہاشم ڈوگر، سردار محمد آصف، محسن لغاری، اعجاز مسیح، شوکت لالیکا اور جہانزیب خان کھچی شامل ہیں۔زوار حسین وڑائچ، محمد اختر، حسین جہانیاں گردیزی، ملک نعمان لنگڑیال، ملک تیمور خان، آشفہ ریاض فتیانہ، چودھری محمد اجمل اور انصر مجید خان نیازی کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے فہمیدہ مرزا، خالد مقبول صدیقی اور محبوب سلطان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے تینوں وزراء کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق تینوں وزراء کو کارکردگی بہتربنانے کیلئے 3ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More