گھروں سے حوالہ ہنڈی کا عالمی نیٹ ورک چلانے والا گروہ پکڑا گیا – 3 گرفتار

0

کراچی/اسلام آباد(رپورٹ : عمران خان/ نمائندہ امت )گھروں سے حوالہ ہنڈی کاعالمی نیٹ ورک چلانے والا گروہ پکڑا گیا۔ایف آئی اے نے سوک سینٹر کے قریب کارروائی کرکے 3 افراد کو گرفتار کرلیا جو امریکہ میں زیر حراست مناف کالیا کی پارٹیوں کو سروسز دے رہے تھے۔ملزمان کے قبضے سے بھاری نقدی،دستاویزات اورکمپیوٹرز برآمد ہوئے۔دوسری جانب سیکورٹی ایکسچینج کمیشن نے کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے قواعد میں ترمیم کردی ہے۔ جس کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ادارے (انٹر میڈی ایریز )کمپنیوں میں اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے حوالے سے جانچ پڑتال کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے سوک سینٹر کے قریب کریم پلازہ کی تیسری منزل کے فلیٹ نمبر A-23سےخانانی اینڈ کالیا کے بین الاقوامی گروہ سے منسلک حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 3ملزمان عبد لرزاق ،آصف میمن اور پرویز کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضےسے ایک کروڑ 15لاکھ روپے،لیپ ٹاپ ،موبائل فونز ، دستاویزات برآمد کرلیں۔ملزمان امریکہ میں گرفتار ہونے والے مناف کالیا کے ساتھ کئی برس کام کرچکے ہیں اور اس کی بڑی بزنس پارٹیوں اور ٹیکس چوروں کو اب تک ہنڈی حوالہ کی سروس گھروں سے نیٹ چلا کر فراہم کر رہے تھے۔کارروائی کے دوران ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے اربوں روپے حوالہ ہنڈی کا ریکارڈ بھی ضبط کر لیا گیا ۔ پاکستان میں موجود کمپنیوں کے خلاف علیحدہ سے کارروائی کی جائے گی ۔جبکہ ملزمان کے ایک مفرور ساتھی کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملزمان 2008میں خانانی اینڈ کالیا کمپنی ایکسچینج کے خلاف ملک میں اور ملک سے باہر چھاپے اور کارروائیوں سے قبل کمپنی کے ڈائریکٹر مناف کالیا سے منسلک رہے تھے ، جس کی مدد سے ان کے پاس ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کا مکمل ڈیٹا موجود تھا اور خانانی اینڈ کالیا کے خلاف کارروائی کے بعد اس ریکارڈ کی مدد سے ملزمان نے رہائشی علاقوں میں اس کاروبار کو دوبارہ شروع کیا اور تمام کمپنیوں سے دوبارہ رابطے بڑھا لئے ، جس کے لئے ملزمان نے کئی غیر ملکی دورے بھی کئے اور اس دوران ملزمان حوالہ ہنڈی کے ساتھ کھپیؤں کی مدد سے کرنسی اسمگلنگ کے کاروبار سے بھی جڑ گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خانانی اینڈ کالیا کے کاروبار ختم ہونے کے بعد بھی ان ملزمان نے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے اربوں روپے حوالہ ہنڈی کے کاروبار کے ذریعے بیرون ملک بھیجے ۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم سرکل میں ملزمان کے خلاف فارن ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ الزام نمبر 15/18درج کر لیا ہے جب کہ مقدمے میں فرحان نامی ملزم کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے وقت ملزمان سے ایک کروڑ15لاکھ روپے ،لیپ ٹاپ ،موبائل فونز اور رجسٹرڈ بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ ان کے موبائل فونز سے حوالہ ہنڈی کے تحریری اور آڈیو پیغامات بھی ملے ہیں جب کہ لیپ ٹاپ سے ان کمپنیوں کا ریکارڈ بھی ضبط کیا گیا ہے جن کے اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کئے گئے ۔واضح رہے کہ 2008میں خانانی اینڈ کالیا ایکسچینج کمپنی کے خلاف کارروائی کے بعد ہر شہر میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ، جبکہ کمپنی کے ایک ڈائریکٹر جاوید خانانی نے دسمبر2016میں بہادر آباد میں اپنی زیر تعمیر عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی ۔ادھر اسلام آباد سے نمائندہ ‘‘امت ’’ کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایس ای سی پی نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں انٹر میڈی ایریز رجسٹریشن ریگولیشنز 2017 میں ترامیم کردی ہیں۔اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کمپنیوں کو خدمات فراہم کرنے والے ادارے (انٹر میڈی ایریز ) اب کمپنیوں میں اینٹی منی لانڈرنگ کے اصولوں اور قوانین کی پاسداری کے حوالے سے جانچ پڑتال کریں گے اور کسی بھی مشتبہ لین دین سامنے آنے کی صورت میں فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو اس کی رپورٹ کریں گے۔ ریگولیشنز میں ترامیم کے بعد انٹر میڈی ایریز کے لئے اینٹی منی لانڈرنگ کی شقوں پر عمل درآمد کرنا بھی لازمی ہوگیا ہے۔ان ترامیم کے مطابق انٹر میڈی ایریز کے لئے ضروری ہے کہ وہ کمپنیوں کو خدمات فراہم کرتے وقت پیش نظر رکھیں کہ ان کی صارف کمپنی یا اس کے ڈائریکٹر منی لانڈرنگ یا دہشت گردی سمیت متعلق کسی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث نہیں ۔ علاوہ ازیں، انٹر میڈی ایریز کے لئے یہ بھی لازمی ہے کہ ان کا صارف اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی دہشت گردی میں ملوث افراد جن پر منی لانڈرنگ یا دہشت گروں کی معاونت کے حوالے سے پابندی عائد کی جا چکی ہے، کی فہرست میں شامل نہ ہو۔اس وقت ایس ای سی پی کے ساتھ کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت رجسٹرڈ انٹر میڈٹریز ( کمپنیوں کو خدمات فراہم کرنے والے ادارے) کی تعداد 193 ہے جن کی فہرست ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو کہ دنیا میں اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کے لئے اصول وضح کرتا ہے اور رکن ممالک پر ان اصولوں پر عمل درآمد لازمی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More