لانڈھی کے مکینوں نے پان ڈیلرکے گھر چھاپہ نا کام بنادیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی میں پان کے تاجر اور گاڑیوں کے ڈیلر کے گھر سادہ لباس پولیس کا چھاپہ علاقہ مکینوں اور مدد گار 15 کے پہنچنے پر ناکام ہوگیا۔ پولیس اہلکاروں نے گھر پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیئے اور کارروائی کئے بغیر واپس چلے گئے۔ متاثرہ خاندان نے آئی جی سندھ سے معاملے کا نوٹس لیکر تحفظ فراہمی کی اپیل کی ہے۔ پولیس پان ڈیلر منہاس کو گرفتار کرنے آئی تھی، جو اس وقت سیوھن میں موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب لانڈھی نمبر 2 ڈی ایریا نزد غوثیہ مسجد سے متصل مکان نمبر 84/7 پر پان اور گاڑیوں کے ڈیلر منہاس کی گرفتاری کیلئے پولیس اہلکاروں نے چھپا مارا ، پولیس پارٹی نے مذکورہ گھر کے دروازے پر دستک دیکر منہاس کو پکارتے رہے۔ اس موقع پر گھر کی خواتین کے شور شرابے اور 15 کو فون کرنے پر علاقہ مکین اور مدد گار پولیس پہنچ گئی، جنہیں دیکھتے ہی چھاپہ مار ٹیم کارروائی کے بغیر واپس چلی گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ چھاپہ مار ٹیم میں شامل یونیفارم میں ملبوس اہلکار کی شناخت رضوان شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کے شواہد مٹانے کیلئے گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ دیئے، تاہم کیمرے میں باوردی اہلکار رضوان شاہ اور سادہ لباس افراد کی تصویریں محفوظ ہوگئیں۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ لانڈھی کے مختلف علاقوں میں کئی ماہ سے رات گئے پولیس موبائل میں تعینات سادہ لباس افراد تاجروں اور کاروباری افراد کے گھروں میں داخل ہوکر انہیں یرغمال بنا کر نقدی، زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا لے جاتے ہیں۔ ‘‘امت’’ کے رابطہ کرنے پر پان اور گاڑیوں کے ڈیلر منہاس نے بتایا کہ میں بچوں کیساتھ حیدرآباد میں رہائش پذیر ہوں، جبکہ والدین اور دیگر بھائی لانڈھی میں رہتے ہیں، میرے والد فالج میں مبتلا ہیں، پولیس مجھے اور میرے فیملی کے دیگر افراد کو حراساں کر رہی ہے۔ آئی جی سندھ سے اپیل ہے کہ چھاپہ مار ٹیم کیخلاف کارروائی کرکے مجھے و میری فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ بعدازاں ایس ایس پی کورنگی علی رضا سے موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ویڈیو میں نظر آنیوالی پولیس پارٹی کورنگی کی نہیں ہے، اعلیٰ افسران معاملے کی انکوائری کرینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More