تاجروں کو متبادل دکان ایک ہفتے میں دی جائیگی-میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ کے ایم سی کے کرایہ دار دکانداروں کو ایک ہفتہ کے اندر متبادل دکان دینے کا کام شروع ہو جائے گا۔ ہر مارکیٹ کے دو دو نمائندوں کی موجودگی میں کمشنر ہائوس میں آئندہ ہفتے قرعہ اندازی ہوگی۔تجاوزات کو فروغ دینے والے افسران کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ایمپریس مارکیٹ میں دکاندار متاثر ہوئے، مگر اس مارکیٹ میں بہت سارے غیر قانونی کام بھی ہورہے تھے۔شہر کو درست کرنا ہے، تو کچھ نقصان بھی برداشت کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں انسداد تجاوزات کارروائی سے متاثرہ تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن و دیگر افسران بھی موجود تھے۔میئر نے کہا کہ کے ایم سی کے کرایہ دار وں کو متبادل دیں گے۔میرے اختیارات محدود ہیں۔ کراچی چیمبر مالی امداد دے یا ملبہ اٹھانے میں مدد کرے تاکہ شہر کو صاف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے غلط کاغذات بنا لئے تھے، مگر کرایہ دینے والے مالک نہیں ہوسکتے۔شہر میں گیس کی کمی کراچی کے ساتھ دشمنی ہے۔ کراچی کو ضرورت کے مطابق پانی اور گیس ملنی چاہیے۔ کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ تاجر رہنمائوں سراج قاسم تیلی، زبیر موتی والا، سابق صدر اے کیو خلیل نے بھی خطاب کیا اور تاجروں کے مسائل پر بات کی۔