پاکستان میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری پر سعودیہ تیار

0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سعودی عرب کے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری پیکج کے حوالے سےدعویٰ کیا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی جس کی مفاہمتی یادداشت کا مسودہ ایک ہفتے میں تیار کرلیا جائے گا۔سعودی و اماراتی ولی عہد آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔وفاقی کابینہ نے محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کردی۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے نواز شریف اورآصف زرداری کے جلد جیل جانے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ہم نواز زرداری اتحاد سے خوفزدہ نہیں، یہ صفر جمع صفر کے برابر ہے۔ قبل ازوقت انتخابات کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کوئی مذاق نہیں، وزیراعظم کی اس حوالے سے بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزاد محمد بن زاید بن سلطان النہیان آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔کابینہ کے اجلاس میں صنعت، فنانس اور ایوی ایشن سمیت کئی شعبوں کے معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی عرب کے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری پیکج کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے اخراجات میں کمی سے متعلق بریفنگ دی۔ فاٹا ریفارمز پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صنعت، فنانس اور ایوی ایشن سمیت کئی شعبوں کے معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو کفایت شعاری کی پالیسی کی ہدایت کرتے ہوئے اخراجات میں 10 فیصد کمی لانے کی ہدایت کی ہے جب کہ تمام وزراء کو کم سے کم اخراجات اور بیرون ممالک دورے کرنے کا کہا گیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے اخراجات میں کمی لانا ضروری ہے اس لیے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اخراجات کم کریں اور برآمدات بڑھائیں۔فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم نے ملک بھر کے ایئرپورٹ کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کلچر تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سمندر پارپاکستانیوں اور بیرون ِ ممالک سے آنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کےلیے وزیر ایوی ایشن اور وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزیراطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے سیاحت کے فروغ کے لیے نئی ویزا پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزارت خارجہ اور داخلہ نئی ویزا پالیسی مرتب کریں گے جس میں غیر ملکی سیاحوں اور خصوصی طور پر بین الاقوامی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے لیے ویزا کا عمل آسان بنایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More