پر اسرار آتشزدگی میں دکان – گودام خاکستر – خواتین سمیت 6 بیہوش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر اور کھارادر میں پراسرار آتشزدگی سے دکان اور گودام خاکستر ہوگیا ۔ذرائع کے مطابق بو ہری بازار میں جوتوں کی دکان میں آتشزدگی کے باعث دھواں پھیلنے سے فلیٹ میں خواتین سمیت 6 افراد بے ہوش ہو گئے ،جب کہ کھارادر میں کپڑے کے گودام میں لاکھوں روپے کا سامان جل گیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے بوہری بازار گلی نمبر 3 فاطمہ بائی بلڈنگ کے نیچے قائم جوتے چپل کی دکان میں جمعرات کی علی الصبح تقریبا 6بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی ،جس کے دھوئیں اور شعلوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور آگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس رینجرز اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر دکان کے اوپر بنے فلیٹ سے لوگوں کو نکالنا شروع کردیا ،تاہم علی شاہ ،نیہا، زہرہ، عبدالحمید، حمزہ اور نور کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر سول اسپتال منتقل کردیا، فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق تقریبا 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور آگ لگنے سے دکان اور اس کے اوپر قائم گودام میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا ، پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ،دریں اثنا کھارادر کے علاقے کاغذی بازارکے قریب رہائشی عمارت میں قائم کپڑے کے گودام میں بدھ و جمعرات کی درمیانی شب اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع پر پولیس اور فائربریگیڈ کی 4گاڑیاں پہنچ گئیں ،پولیس نے بلڈنگ میں موجود افراد کو گھروں سے نکال لیا ، فائربریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا ،تاہم آگ لگنے کی وجوہات اور نقصان کا فوری طور پرمعلوم نہیں ہوسکا ہے ۔