شاہینوں پر جونیئر جنوبی افریقی کرکٹرز بھاری پڑ گئے
بنونی (امت نیوز) کپتان ایکرمین کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت کرکٹ ساؤتھ افریقہ انویٹیشن الیون نے تین روزہ ٹور میچ کی اپنی پہلی اننگز 318 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔ کپتان ایکر مین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے باؤلرز کی خوب دھلائی کی اور ناقابل 103 رنز بنائے، رچرڈز 98 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، پاکستان کے فہیم اشرف اور اظہر علی نے دو، دو جبکہ عمر حسن علی اور حارث سہیل نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پاکستان نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان پر 2 رنز بنالئے اور اسکو میزبان ٹیم کا سکور برابر کرنے کےلئے مزید 316 رنز درکا ہیں۔ امام الحق اور فخر زمان ایک ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ بنونی میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین روزہ ٹور میچ شروع ہوا تو کرکٹ ساؤتھ افریقہ انویٹیشن الیون کے کپتان ایکرمین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ برانڈ اور رچرڈز نے اپنی ٹیم کو شاندار اننگز کا آغاز فراہم کیا۔