اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید
رام اللہ (صباح نیوز)مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق البیرہ شہر کے داخلی راستے پر ”بیت ایل“ چیک پوسٹ کے قریب اسرائیلی فوج نے 17 سالہ فلسطینی کوگولیاں ماریں، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہو گیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید قاسم محمد علی العباسی کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس کے سلوان قصبے سے ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ” بیت ایل “چیک پوسٹ کے قریب ایک مشکوک گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں فلسطینی شہید ہوگیا۔