کرنسی سمگلنگ کیس میں ایان علی کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) کسٹم کورٹ نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی، مسلسل غیر حاضری پر ایان علی کے وکیل سرفراز علی نے عدالت کے روبرو دلائل دیئے کہ ڈاکٹروں نے ایان علی کو فروری میں پاکستان کے سفر کی اجازت دی ہے، ملزمہ فروری میں عدالت پیش ہو کر اپنے خلاف مقدمے کا سامنا کرے گی۔عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت 18جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ 3سال سے دانستہ غیر حاضر ہے، ملزمہ کے عدالت میں سرنڈر کرنے تک وارنٹ گرفتاری واپس نہیں لئے جا سکتے، 18جنوری سے کوئی التواء نہیں ہوگا اور ملزمہ کی غیر موجودگی میں ہی ٹرائل شروع کردیں گے۔واضح رہے کہ ایان علی کو 14مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔