شہباز شریف پبلک اکائونٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔کمیٹی کے اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی کے لئے شیخ روحیل اصغر نے شہباز شریف کا نام تجویز کیا۔شہباز شریف کے علاوہ کسی نے چیئرمین پی اے سی کے لئے نام نہیں دیا، جس کے بعد وہ بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔شہباز شریف نے تمام اراکین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔احتساب کا عمل شفاف ہوگا اور احتساب کے عمل کو بہتر بنانا ضروری ہے، جس کے لیے پی اے سی ایک مؤثر فورم ہے۔تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تمام اختلافات کے باوجود ہم متحد ہوئے۔امید ہے کمیٹی عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا امید ہے کہ جب آپ کی فیملی کا نام آئے گا، تو آپ کسی اور کو یہ منصب دیں گے، جس پر شہباز شریف نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ میں ایسا موقع ہی نہیں دوں گا۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو احتساب کا عمل شفاف ہونا چاہیے۔