شہریار نے نجم سیٹھی کی اصلیت بتا دی
کراچی (امت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ بھارت سے قانونی جنگ میں پی سی بی کے بھاری رقم گنوانے کے ذمہ دار نجم سیٹھی ہیں۔ایک انٹر ویو کے دوران شہریار خان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ بھارتی بورڈ کے ساتھ مذاکرات پر زور دیا تھا اور مئی 2017میں پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو نوٹس آف ڈسپیوٹ بھیجا تھا جس میں دونوں بورڈز میں مذاکرات جاری رکھنے کی بات بھی ہوئی تھی۔شہریار خان کا کہنا کہ اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے دونوں کرکٹ بورڈ کے مابین بیک ڈور ڈپلومیسی جاری تھی اور اس ضمن میں میری آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سے بھی کئی بار بات ہوئی تھی جنہوں نے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے کا م کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن نجم سیٹھی ابتدا سے ہی آئی سی سی کی ثالثی کمیٹی میں جانا چاہتے تھے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کو بھی قائل کر لیا تھا۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس وقت بھی نجم سیٹھی کو بتایا تھا کہ ہمارے کیس میں جان نہیں ہیں اور ہمیں لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں ۔
٭٭٭٭٭