لیاقت آباد میں 2 غیر قانونی میڈیکل اسٹورز سیل
کراچی (رپورٹ/صفدربٹ)محکمہ صحت سندھ کی ہدایت پر چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی کی سربراہی میں قائم ٹیم نے لیاقت آباد بی ایریا میں بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے والے 2 میڈیکل اسٹوروں کو سیل کر دیا ، کارروائی کےدوران زائدالمیعادادویات بھی برآمد ہوئیں۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری وصوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹرمحمدعثمان چاچڑکی ہدایت پرڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں جعلی و غیر میعاری ادویات کی خریدو فروخت میں ملوث ادویات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب چیف ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر سید عدنان رضوی کی سربراہی میں ڈرگ انسپکٹروں کی ٹیم نے لیاقت آباد کے علاقے بی ایریا میں واقع طاہر میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مار کربھاری تعداد میں ریلف نامی غیر ملکی ادویہ برآمد کرلی، کارروائی کے دوران میڈیکل اسٹور پر زائد المیعاد ادویات کے علاوہ بغیر وارنٹی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی بھی بڑی تعداد موجود پائی گئیں، میڈیکل اسٹور پر موجود ارشد نامی شخص نے خود کو مالک بتایا۔ جب لائسنس دکھایا تو وہ گلستان جوہر کے علاقے کا بنا ہوا تھا اور 2005میں ایکسپائر ہوا تھا ،جبکہ طاہر نامی لائسنس ہولڈر کئی برس قبل فوت ہو چکا ہے۔ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ٹیم نے میڈیکل اسٹور سیل کر دیا ۔ اس دوران قریب واقع زیڈ آرمیڈیکوزکامالک جس کا نام مطاہر معلوم ہوا ہے ڈرگ انسپکٹرز کوکارروائی کیلئے کو آتا دیکھ کر اپنا اسٹور کھلا چھوڑ کر فرار ہوگیا ،جسے ڈرگ انسپکٹر ز نے موقع پر جمع ہونے والے شہریوں کی بڑی تعداد کی موجود گی میں سیل کر دیا ۔ ڈرگ انسپکٹرز نے قبضے میں لئے جانے والے مشتبہ جعلی و غیر میعاری اور بغیر رجسٹرڈ ادویات کے نمونے جانچ کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں۔ چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انسانی زندگی سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔