پاکستان 28 ہزار 252 ارب کا مقروض
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے ملکی اور غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی ہے جس کے تحت ملک پر قرضوں کا حجم 28 ہزار 252 ارب روپے ہے۔سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے سوال پر وزیر خزانہ کی جانب سے دیئے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 2008تک پاکستان پر کل قرضہ 6ہزار 562ارب روپے تھا، 2013 میں یہ قرضہ بڑھ کر 15ہزار 872ارب روپے ہوگیا۔ 2018 تک کل ملکی وغیر ملکی قرضہ 28ہزار 252ارب روپے ہے۔اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے سوئٹزر لینڈ کے بینکوں میں پاکستانیوں کے 200ارب ڈالر ہونے کا کہا، اسحاق ڈار کی بات کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتا لیکن ماضی میں اس حوالے سے ایک معاہدہ بھی کیا گیا جو انویسٹی گیشن کے حوالے سے تھا ، پچھلا معاہدہ نامکمل تھا اور صرف ڈبل ٹیکسیشن پر تھا۔ موجودہ حکومت نے اس معاہدے پر دوبارہ بات کی ہے۔