بھارت سے تعلقات کی یکطرفہ کوشش عزت نفس سے متصادم ہے- نثار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بھارت سے تعلقات کی یک طرفہ کوشش عزت نفس کے خلاف ہے، نام نہاد احتساب کے ذریعے سیاسی جماعتیں ختم نہیں کی جاسکتیں ،موجودہ صورتحال ملکی ترقی ،خوشحالی اور مستقبل کے لیے زہر قاتل ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دوستی مودی کے ضمیر میں شامل نہیں، بھارت سے یکطرفہ تعلقات بحالی کی کوششیں پاکستان کی عزت نفس سے متصادم ہے،حکومت منتیں ترلے کرنے کے باوجود بھارت کو مذاکرات کی میز پر نہیں لاسکی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ٹرمپ کے بیان پر رد عمل درست اور مثبت قدم تھا۔سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو حکومت کو کارکردگی دکھانے کے لیے مزید موقع دینا چاہیے ۔ پاکستان کی سیاست میدان جنگ کا نقشہ پیش کررہی ہے، موجودہ صورتحال پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور مستقبل کیلئے زہر قاتل ہے، حکومت اپوزیشن کو سانس لینے کا موقع دے، اپوزیشن کو حکومت کو کارکردگی دکھانے کیلئے موقع دینا چاہیے، نام نہاد احتساب کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔امریکا طالبان مذاکرات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے، پاکستان کوامریکا طالبان مذاکرات پر بلاجواز کریڈٹ لینے سے گریز کرنا چاہیے، معاملے پر پیشرفت نہ ہونے سے یہ صورتحال پاکستان کے گلے پڑ سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام فریقین کو ایک میز پر لانے کیلئے پہلی بار کردار ادا نہیں کیا، اڑھائی سال قبل مری مذاکرات اس سلسلہ کی کڑی تھے۔