مولانا سمیع الحق شہید تعزیتی ریفرنس-مختلف مذہبی رہنمائوں کی شرکت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ دارالخیر کراچی میں مولانا سمیع الحق شہید کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں مختلف مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ملک کی نازک صورتحال کے پیش نظر حکمران اور سیاستداں باہمی چپقلش ختم کریں۔جمعیت علما اسلام (س)کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید محمد یوسف شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان اور امریکہ کے مذاکرات کے بعد افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کا اعلان خطے میں امن و امان کے لیے اہم اقدام ہے۔ امریکا افغانستان میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی کرے ۔جے یو آئی اول روز سے ہی افغانستان پر امریکی جارحیت کی مخالف اور افغان طالبان کی حامی رہی ہے۔کانفرنس سے جے یو آئی (س) کراچی کے امیر مولانا پیر لیاقت علی شاہ، جمعیت نظریاتی کے مولانا عبدالستار، پاکستان امن کونسل کے مولانا عبدالماجد ، پاکستان علما کونسل کے مولانا اعظم فاروقی، معروف اسکالر مفتی عبدالرحمن مدنی، جماعت الدعوہ کے حافظ امجد، مفتی حماد اللہ مدنی ، مفتی ساجد یار ، متحدہ علما فورم کے مولانا فیروز الدین ، جے یو پی کے قاضی احمد نورانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے حکمرانوں اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مولانا سمیع الحق شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔