منی لانڈرنگ روکی ۔لوٹی گئی دولت واپس لائی جائیگی ۔چیئرمین نیب
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کا سلسلہ روکا جائے گا اور لوٹی گئی دولت بیرون ملک سے واپس لائیں گے۔منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خاتمےکے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقربا پروری اور رشوت کے خاتمے سے ہی کرپشن فری پاکستان بنے گا۔ بدعنوانی ملکی ترقی اور خوشحالی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میگا کرپشن کے 179مقدمات میں سے 105کے ریفرنس دائر کئے جا چکے ہیں۔ احتساب عدالتوں میں 90کھرب روپے کی کرپشن کے 1210مقدمات زیر سماعت ہیں، ان ہیں منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر سے 297ارب روپے وصول کرکے خزانے میں جمع کرائے گئےہیں ، مضاربہ اور مشارکہ اسکینڈلز کے مفرور ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جعلی کوآپریٹو ہاوٴسنگ سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات کو مکمل کیا جائے گا۔