سی پیک کےلئے1ارب ڈالرکاسماجی ترقیاتی پیکج منظور
کوئٹہ(آن لائن) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی) کے 8ویں اجلاس میں 1 ارب ڈالر کا سماجی ترقی پیکج منظور کرلیا گیا۔ گزشتہ روز بیجنگ سے واپسی پر صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے بتایا کہ چینی حکومت پاکستانی طالب علموں کو 20 ہزار اسکالرشپس دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی حکومت پاکستان کی ٹیکسٹائل، پیٹرو کیمیکل، اسٹیل اور مائننگ کے شعبوں میں مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں بلوچستان کی جانب سے سی پیک کے سماجی ترقی پیکج کا آدھا حصہ مانگا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اسکالرشپس کا بھی آدھا حصہ حکومت پاکستان کو دینے کا مطالبہ کیا تھا‘۔ظہور احمد بلیدی نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اجلاس میں گوادر پورٹ اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کے لیے تعلیم، زراعت، غربت کا خاتمہ، صحت، صاف پانی اور تکنیکی ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔