شیخ رشید نے پشاور تا کراچی رحمان بابا ٹرین کا افتتاح کر دیا
پشاور(خبر ایجنسیاں) وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور میں رحمان بابا ٹرین کا افتتاح کر دیا، 11 بوگیوں پر مشتمل ٹرین 26 گھنٹے میں نوشہرہ، اٹک، راولپنڈی، فیصل آباد اور بہاولپور کے راستے کراچی پہنچے گی، جس کا کرایہ 1350 روپے رکھا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چوروں کو سزانہ ملی تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اب جھنڈے والی گاڑی میں عدالت جائے گا، کرپشن کا ایسا خاتمہ کرینگے کہ لوگ یاد رکھیں گے، عوام نے عمران خان کو اسلئے ووٹ دیئے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں، آرمی کے بعد ریلوے سب سے بڑا ادارہ ہے، ریلوے کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائیگا، آئندہ دنوں میں 2 نان اسٹاپ ٹرینیں چلائیں گے، پشاور تا لاہور مسافر ٹرین جبکہ پشاور اٹک سفاری ٹرین بھی چلے گی، جہانگیرہ اورنوشہرہ میں نئے ریلوے سٹیشن بنائے جائیں گے، پشاور سے لاہور کیلئے ایک ٹرین چلانے کا ارادہ ہے، اسکے علاوہ 2 وی وی آئی پی ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی جو پنڈی کراچی اور لاہور کراچی نان اسٹاپ ہوں گے۔ انہوں نے کے پی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پشاور ریلوے کی زیر قبضہ اراضی ہے واگزار کرائی جائے، اور کسی کا لحاظ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیا ٹریک بننے کے بعد پشاور تا کراچی ٹرین کی رفتار 260 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور سفر 8 گھنٹے کا رہ جا ئے گا۔