دلیپ کمار کے بنگلے پر بلڈر مافیا نے نظریں گاڑدیں

0

ایس اے اعظمی
برصغیر کے مقبول ترین فلم اسٹار دلیپ کمار کے بنگلے پر ممبئی کی بلڈر مافیا نے نظریں گاڑ دی ہیں۔ باندرہ کے ساحلی علاقے میں واقع لیجنڈ ایکٹر کی رہائش گاہ کی مالیت کم از کم 10 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔ جبکہ بلڈر مافیا کا ایک رکن سمیر بھوجوانی اس بنگلے کے جعلی کاغذات ڈھائی ارب میں ایک نا معلوم پارٹی کو بیچ چکا ہے۔ اور اب پراپرٹی سے دست بردار ہونے کیلئے ماضی کے عظیم اداکار کو قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اس حوالے سے ایف آئی آر درج کرادی ہے۔ ممبئی پولیس کے اسپیشل ونگ نے تصدیق کی ہے کہ دلیپ کمار کی بیگم سائرہ بانو کی تحریری شکایت پر ڈپارٹمنٹ نے بلڈر مافیا کے ایک اہم نام سمیر بھوجوانی کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے اور سمیر بھوجوانی کو پابند کیا ہے کہ وہ پولیس افسران کے روبرو تفتیشی پوچھ گچھ کیلئے پیش ہو، بصورت دیگر اس کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔ ممبئی مرر کے مطابق دلیپ کمار کی اہلیہ اداکارہ سائرہ بانو نے بتایا ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے اپنی رہائش گاہ چھین لئے جانے کے خدشات سے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ فدناویس کو آگاہ کرکے ان سے قانونی اور اخلاقی مدد طلب کی تھی۔ لیکن وزیر اعلیٰ نے اس ضمن میں ان کو کوئی مدد فراہم نہیں کی اور نہ ہی ان کی درخواست پر کوئی رد عمل دیا۔ جس کے بعد اربوں کی جائیداد پر نگاہیں گاڑنے والی قبضہ مافیا نے اس قیمتی بنگلے کو ہڑپ کرنے کی کوششیں تیز کردیں۔ اس کے بعد سائرہ بانو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مدد کی اپیل کی، جس کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوجانے کے بعد وزارت داخلہ نے دلیپ کمار اورسائرہ بانو کی درخواستوں پر ایکشن لیا اور ممبئی پولیس نے شہر کی بلڈر مافیا کے ایک اہم رکن سمیر بھوجوانی کو مقدمہ میں ماخوذ کردیا ہے جو کھار پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم ہائوس کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان کو دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی جانب سے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی درخواست موصول ہوچکی ہے، جس پر غور کیا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سائرہ بانو نے بتایا ہے کہ ’’یہ بنگلہ ہمارا ہے اور آج کا نہیں، بلکہ 1953ء کا خریدا ہوا ہے۔ تمام دستاویزات ہمارے پاس مکمل ہیں۔ دلیپ جی نے 1953ء میں یہ شاندار بنگلہ خریدا اور تزئین و آرائش کرائی تھی۔ 1966ء میں اسی گھر میں ہماری شادی ہوئی تھی اور ہماری سنہری یادیں اس بنگلے سے جڑی ہوئی ہیں۔ اس وقت کئی برس سے دلیپ جی کی دو بہنیں بھی اس بنگلے میں مقیم ہیں۔ ہمیں ہماری ہی جائیداد سے کیسے بے دخل کیا جاسکتا ہے؟‘‘۔ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ وہ اس قیمتی اور تاریخی بنگلے کو ’’دلیپ کمار میوزیم‘‘ میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں اور اس مقصد کیلئے کام مکمل کر رہی ہیں۔ اس میوزیم کی تعمیر کے بعد اس میں دلیپ کمار سے منسوب ذاتی اشیا، فلمیں، تصاویر، ایوارڈز، تمغے، سرٹیفیکٹس اور دیگر ساز و سامان رکھا جائے گا۔ ٹیلیگراف انڈیا نے بتایا ہے کہ 11 دسمبر1922ء کو پشاور کے تاریخی شہر میں جنم لینے والے دلیپ کمار نے دو ہفتوں قبل ہی اپنی 96 ویں سالگرہ منائی ہے، جس میں ان کو امیتابھ بچن، شاہ رخ، سلمان خان اور عامر خان سمیت چوٹی کے اسٹارز نے مبارک باد دی تھی اور صحت کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انڈیا ٹو ڈے کے مطابق سائرہ بانو نے بتایا ہے کہ حال ہی میں ایک کیس میں گرفتار بلڈر مافیا رکن سمیر بھوجوانی کو ضمانت ملی ہے اور جیل سے رہائی کے بعد اس نے دلیپ کمار کا بنگلہ ہڑپ کرنے کیلئے دھمکیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ادھر ممبئی کے کھار پولیس اسٹیشن کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا ہے کہ دلیپ کمار کے بنگلے پر ایک نہیں، بلکہ درجن بھر بلڈرز کی نظریں ہیں۔ کیونکہ یہ اربوں روپے کی جائیداد ہے۔ اس کے اصل کاغذات دلیپ کمارکے نام ہیں، لیکن سمیر بھوجوانی نے اس جائیداد کی جعلی فائل ڈھائی ارب میں ایک تھرڈ پارٹی کو بیچ دی۔ ممبئی ہائی کورٹ ممبئی میں چلنے والے ایک اور کیس کے حوالے سے مقامی وکیل انوپم کھرانہ نے بتایا ہے کہ سمیر بھجوانی کے خلاف ممبئی کے ’’سیٹھ گلراج کٹھوعہ ٹرسٹ‘‘ کا ایک پرانا بنگلہ دو نمبر دستاویزا ت سے اپنے نام کرنے اور اس کو تھرڈ پارٹی کو بیچنے کا ایک الگ مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More