مقبوضہ بیت المقدس(امت نیوز)انتہا پسند یہودی تنظیموں کی اپیل پرسیکڑوں یہودی آباد کاروں نے پیر کو مسجد اقصیٰ میں گھس کر یہودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ علی الصباح یہودی رکن پارلیمنٹ کی قیادت میں83اور 118نے فوج کی سیکورٹی میں گھس کر قبلہ اول کی بے حرمتی کی۔یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ کی قیادت شدت پسند یہودی مذہبی لیڈر یہودا گلیک نے کی۔ یہودیوں نے قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش پر مسجد کے محافظوں کو زدو کوب کیا۔ اس موقع پر قابض اسرائیلی پولیس بھی فلسطینی محافظوں پر پل پڑی اور یہودیوں کو آزادی کے ساتھ بے حرمتی کرنے دی۔ یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول پر یلغار کے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں جمع ہوگئی۔ فلسطینیوں نے بھی یہودیوں کو اس اشتعال انگیزی سےروکنے کی کوشش کی تو انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے داخلی و خارجی راستوں پر فوج اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔ یہودیوں کی اشتعال انگیز حرکت کے باعث مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی پھیل گئی۔