پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں لندن گروپ ملوث نکلا
کراچی(رپورٹ:توصیف سلمان )پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں لندن گروپ ملوث نکلا، رضویہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا پی ایس پی کا علاقائی ذمہ دار اظہر عرف سیاں متحدہ لندن کی ہٹ لسٹ پر تھا، رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کے انتہائی مطلوب دہشت گردوں نے 2018کے عام انتخابات کے دوران حریف سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی ،جس میں مقتول اظہر عرف سیاں بھی شامل تھا۔ 18جولائی کو رینجرز اعلامئے میں اورنگی ٹائون کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں محمد ارشاد اور بلال لودھی کی گرفتاری کا بتایا گیا تھا، دوران تفتیش دونوں دہشت گردوں نے انکشاف کیا تھا کہ الیکشن 2018کے دوران لندن قیادت کے حکم پر کراچی میں حریف سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ،تاکہ الیکشن سے قبل کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کیا جاسکے، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ جون 2018میں متحدہ لندن کے سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کی جانب سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،تاکہ مخالف سیاسی امیدواروں اور متحدہ لندن چھوڑنے والے مختلف سیاسی رہنمائوں کو ٹارگٹ کیا جائے اور کراچی میں پرامن انتخابی عمل کو سبوتاژ کیاجاسکے، ابتدائی طور پر گرفتار ٹارگٹ کلرز کو پی ایس 128سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن جاوید، پیپلز پارٹی کے امیدوار عارف حسین قریشی اور پی ایس پی گلبہار کے ذمہ داران معین اور اظہر عرف سیاں کی ٹارگٹ کلنگ کے احکامات دیئے گئے تھے، گرفتار دونوں ملزمان کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور ذمہ داران کی ٹارگٹ کلنگ کے لئے ریکی بھی مکمل کرلی گئی تھی اور متحدہ لندن سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی جانب سے ملزمان کو اسلحہ بھی فراہم کردیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق مقتول اظہر عرف سیاں متحدہ لندن گلبہار سیکٹر کا سابقہ انچارج اور لندن قیادت کے قریبی افراد میں شمار کیا جاتا تھا، بعدازاں کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد مقتول اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوا اور پی ایس پی کا علاقائی ذمہ دار بن گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کے متحدہ چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے سے لندن قیادت کافی ناراض تھی ،ابتدا میں بھی مقتول کو لندن قیادت کی جانب سے سنگین نتائج کی دھکمیاں ملتی رہی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول اظہر عرف سیاں کی جانب سے پی ایس پی میں شمولیت اور ناظم آباد سیکٹر میں پی ایس پی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے لندن قیادت کافی ناراض تھی ،جبکہ مقتول اظہر عرف سیاں متحدہ کے بیشتر ذمہ داران وکارکنان کو گرفتاری سے بچانے کے لئے پی ایس پی میں لے آیا تھا ،جس کے بعد سے ناظم آباد سیکٹر لندن قیادت کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔