کوہاٹ میں 5 کروڑبرس قدیم مچھلی باقیات دریافت
کوہاٹ(نمائندہ امت)کوہاٹ کی پہاڑیوں سے 5 کروڑ سال پرانی مچھلیوں کی باقیات دریافت ہوئی ہیں۔ جو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور چائنیز اکیڈمی آف سائنس کے سائنسدانوں کی مشترکہ تحقیق کے نتیجے میں سامنے آئی ۔ ٹیم کی قیادت جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ زوالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خضر سمیع اللہ اور چائنیز اکیڈمی آف سائنس کے شی جونلی پروفیسر لی کوینگ مسٹر چینگ اور سلیم اختر عمر نے کی۔ مچھلیوں کے اس گروپ کا تعلق چنی ڈی کی فیملی سے ہے اور یہ مچھلیاں ابتدائی دور میں تقریبا پانچ کروڑ سال پہلے تازہ پانیوں میں پائی جاتی تھیں۔ کوہاٹ کے علاقے کلڈانہ فارمیشن سے ان مچھلیوں کی بقایات کا ملنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کوہاٹ اس وقت دریاؤں کی آماجگاہ تھا جہاں پر مچھلیاں اور دوسرے دریائی جانور پائےجاتےتھے۔ مشترکہ ٹیم کو اس کے علاوہ اس علاقے سے مختلف خوردبینی جانداروں کی باقیات بھی ملی ہیں۔اس دریافت کو دیکھتے ہوئے ضلع کوہاٹ میں چائنیز اکیڈمی آف سائنس کی طرف سے تین سال کا ریسرچ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ چائنہ کے تعاون سے ان پر مزید ریسرچ کے لئے کوہاٹ یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔